لاہور میں ماں نے مبینہ طور پر دو بیٹوں کو قتل کردیا جبکہ اس نے بیٹی کو بھی مارنے کی کوشش کی تاہم اسے بچالیا گیا۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں نجمہ نامی خاتون نے اپنے بیٹوں 10سالہ بلال اور 7سالہ طلحہ کو گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ 6 سالہ بیٹی مریم کو مارنے کی کوشش کی تو دیورانی نے دیکھ کر شور مچادیا جس کی وجہ سے وہ کسی حادثے سے بچ گئی۔
بچوں کا باپ ایک الیکڑیشن ہے جو وقوعے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔ دونوں بچوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مقتولین کے رشتے داروں کا کہنا ہے کہ خاتون ذہنی بیماری میں مبتلا تھی۔ پولیس نے ملزمہ کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمہ نے بتایا کہ اس نے دونوں بچوں کو اپنے دوپٹے سے گلا گھونٹ کر مارا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ جب ایک اہلکار نے ملزم سے پوچھا کہ اس نے ایسا کیوں کیا تو اس پر خاتون نے کہا کہ بچے اس کا کہنا نہيں مانتے تھے اس ليے انہیں ماردیا۔